مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانیہ کی وزارت دفاع نے تقریباً ایک لاکھ ریزرو فوجیوں کو ممکنہ طور پر جنگ میں طلب کیے جانے کے بارے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ یہ اقدام برطانوی فوج کی تیاریوں کو مضبوط بنانے اور ملک کی دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈیلی ٹیلیگراف کے مطابق یہ اطلاع پیغامات کے ذریعے دی گئی ہے، جو سرد جنگ کے بعد پہلی مرتبہ اسٹریٹجک ریزرو فورس کے ارکان کو بھیجے گئے ہیں۔ اس فورس میں ایسے سابق فوجی شامل ہیں جنہوں نے حال ہی میں فوجی ملازمت چھوڑی ہے، تاہم غیرمعمولی حالات میں انہیں دوبارہ خدمات کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔
برطانوی مسلح افواج کی تینوں شاخوں کے کمانڈروں کے دستخط سے بھیجے گئے ان پیغامات میں ریزرو فوجیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطے کی معلومات اپڈیٹ کریں اور اپنی موجودہ ملازمت، مہارتوں اور صلاحیتوں کی تفصیلات فراہم کریں۔
ان پیغامات میں رضاکارانہ طور پر فوجی مشقوں اور جنگی تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع بھی پیش کیے گئے ہیں۔ ان میں نیٹو کی اسٹیڈیفاسٹ ڈیفنڈر فوجی مشق بھی شامل ہے، جو آئندہ موسم بہار میں منعقد ہونے والی ہے۔
وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یہ پیغامات فوج کی تیاری اور دفاعی صلاحیت مضبوط بنانے، نیز ممکنہ تصادم کے خطرے کو کم کرنے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات کا حصہ ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس اور یورپی ممالک، خصوصاً برطانیہ، کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بارے میں خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے ماسکو نے پولینڈ کی جانب کروز میزائل اور ایک ڈرون داغا تھا۔ یہ علاقہ برطانوی قیادت میں ہونے والی ایک فوجی مشق کے مقام سے صرف 96 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
اس حوالے سے برطانوی سابق فوجیوں کے امور کے وزیر کیلون بیلی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پیغامات بھیجنے کا مطلب یہ نہیں کہ ریزرو فوجیوں کو جلد متحرک کیا جا رہا ہے، بلکہ یہ ایک انتظامی اقدام ہے تاکہ متعلقہ افراد سے رابطہ ممکن بنایا جا سکے اور ان کی مہارتوں اور سابقہ خدمات کا ریکارڈ اپڈیٹ رکھا جائے۔
برطانوی حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر ایک نیا سیکشن بھی قائم کیا ہے، جہاں شہری اسٹریٹجک ریزرو فورس اور اس میں شمولیت کے اپنے اور اپنے اہل خانہ پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، برطانیہ کے وزیر دفاع ویس اسٹریٹنگ اس سے قبل کہہ چکے ہیں کہ ملک کو آئندہ ایک ہزار دنوں کے دوران جنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ان کے بقول، برطانیہ کو اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر جنگ لڑنے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کی صلاحیت رکھنی چاہیے۔
آپ کا تبصرہ